خصوصی بچوں کی فلاح ، عالمی ماہرین کی خدمات لینے کا فیصلہ
ملتان (خصوصی رپورٹر)محکمہ اسپیشل ایجوکیشن پنجاب نے خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود، معیاری تعلیم کے فروغ اور
جدید سہولیات کی فراہمی کے لئے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلے میں پنجاب بھر میں خصوصی بچوں کی نشاندہی اور ان کا جامع ڈیٹا مرتب کرنے کے لئے ضلعی سطح پر رینڈم سروے کرایا جائے گا۔حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد خصوصی بچوں کا مستند ریکارڈ تیار کرنا، شفاف اعدادوشمار کی بنیاد پر مؤثر منصوبہ بندی کرنا اور تعلیمی سہولیات کو مزید بہتر بنانا ہے ۔ سماعت سے محروم بچوں کو معیاری ہیئرنگ ڈیوائسز کی فراہمی، جدید تدریسی سہولیات کے فروغ اور خصوصی تعلیمی نظام میں اصلاحات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے ۔مزید برآں، آٹزم کی بروقت تشخیص اور خصوصی تعلیمی نظام کو عالمی معیار سے ہم آہنگ بنانے کے لئے عملی اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہر ضلع میں خصوصی بچوں کا جامع ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔، جبکہ شفافیت، مؤثر منصوبہ بندی اور درست اعدادوشمار کو تمام اقدامات میں اولین ترجیح دی جائے گی تاکہ خصوصی بچوں کی تعلیم، بحالی اور فلاح کے لئے بہتر اور پائیدار پالیسی مرتب کی جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments