غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ ،حادثات میں اضافہ

غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ ،حادثات میں اضافہ

پنجاب میں جولائی کے دوران 40ہزار 447حاد ثات رپورٹ،373جانوں کا ضیاع، 20ہزار 899افراد عمر بھر کی معذوری کاشکار

ملتان (کرائم رپورٹر )محکمہ ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ (ریسکیو 1122)، ڈاکٹر رضوان نصیر نے جولائی 2026 کے دوران پنجاب بھر میں پیش آنے والے 40,447روڈ ٹریفک حادثات میں 373 قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع،20,899افراد کے شدید زخمی ہو کر ممکنہ مستقل معذوری کا شکار ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماہ جولائی صوبہ میں اوسطاً ہر 66 سیکنڈ میں ٹریفک حادثہ رپورٹ ہوا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب ایمرجنسی سروسز (ریسکیو 1122)نے جولائی 2026 کے دوران پنجاب بھر میں 2 لاکھ 43 ہزار 944 ایمرجنسیز پر بروقت رسپانس کرتے ہوئے 2 لاکھ 50 ہزار 893 متاثرین کو ریسکیو سروسز فراہم کیں جن میں 2,196 کرنٹ، 1,995 آگ لگنے کے واقعات اور 249 ڈوبنے کے حادثات بھی شامل ہیں۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے ان خیالات کا اظہار، جولائی 2026 کے تمام اضلاع کی ایمرجنسی آپریشنل کارکردگی کا جائزہ لینے کے موقع پر کیا۔وہ گزشتہ روز منعقد ہونے والے ماہانہ آپریشنل کارکردگی جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ، جس میں ڈائریکٹرز ایمرجنسی سروسز، مختلف ونگز کے سربراہان اور صوبائی مانیٹرنگ آفیسر نے شرکت کی، جبکہ تمام ضلعی ایمرجنسی افسروں نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران تمام ضلعی ایمرجنسی افسروں نے جولائی 2026 کے دوران اپنے اپنے اضلاع کی آپریشنل کارکردگی کے حوالے سے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کو بریفنگ دی، جس میں اہم ایمرجنسیز، ریسپانس، آپریشنل چیلنجز پہ تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔

 ضلعی ایمرجنسی افسروں نے مون سون سیزن کے پیش نظر سیلاب سے نمٹنے کی تیاریوں اور فلڈ ریسپانس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ،فلڈ ریسپانس آلات کی دستیابی، ریسکیو وسائل، واٹر و فلڈ ریسکیو ٹیموں کی تعیناتی، ایمرجنسی رسپانس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ قائم کردہ رابطہ و کوآرڈینیشن میکنزم سے متعلق امور شامل تھے ۔ہیڈ آف آپریشن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122) نے گزشتہ ماہ جولائی کے دوران 243,944 ایمرجنسیز پر بروقت ایمرجنسی سروسز فراہم کیں پنجاب میں گزشتہ ماہ کے دوران 40,447روڈ ٹریفک حادثات میں 373 افراد جاں بحق ہوئے ۔ ان ٹریفک حادثات میں صوبائی دارالحکومت لاہور میں سب سے زیادہ 7,250 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے جن میں 7,868 موٹر سائیکلیں شامل تھیں۔ ملتان میں 2,763 حادثات پیش آئے جن میں 3,255 موٹر سائیکلیں جبکہ فیصل آباد میں 2,516 حادثات میں 2,742 موٹر سائیکلیں شامل تھیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...