ریلوے اراضی پر نو تعمیر دکانیں سیل، تاجروں میں تشویش کی لہر

ریلوے اراضی پر نو تعمیر دکانیں سیل، تاجروں میں تشویش کی لہر

کارروائی سے کاروبار بند، تاجروں کا بھاری ایڈوانس ، کرائے کی ادائیگی کا دعویٰ

وہاڑی (نمائندہ خصوصی)خورشید انور سٹیڈیم کے سامنے ریلوے کی حدود میں تعمیر کی گئی متعدد کمرشل دکانوں کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیل کیے جانے پر متاثرہ تاجروں میں تشویش پھیل گئی۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے ریلوے انتظامیہ کے ساتھ معاہدے کرکے بھاری ایڈوانس رقم اور ماہانہ کرایہ ادا کیا، جبکہ اپنی جمع پونجی دکانوں کی تعمیر پر خرچ کردی۔تفصیلات کے مطابق ریلوے کی زمین پر متعدد کمرشل دکانوں کی تعمیر کا سلسلہ کئی ماہ تک جاری رہا، تاہم اس دوران مبینہ طور پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ دکانیں مکمل ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے انہیں سیل کردیا، جس سے تاجروں کا کاروبار شروع ہونے سے پہلے ہی بند ہوگیا۔متاثرہ تاجروں نے کہا کہ دو سرکاری اداروں کے درمیان مبینہ رابطے کے فقدان کا بوجھ عام تاجر اٹھا رہا ہے۔

ایک طرف دکانیں سیل ہونے سے کاروبار شروع نہیں ہوسکا جبکہ دوسری جانب ریلوے کو ایڈوانس رقم اور ماہانہ کرایہ بھی ادا کرنا پڑ رہا ہے ۔تاجروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے تمام معاملات ریلوے انتظامیہ کے ساتھ طے کرکے دکانوں کی تعمیر پر رقم خرچ کی تھی، اس لیے اچانک دکانیں سیل کیے جانے سے انہیں شدید مالی نقصان کا سامنا ہے ۔متاثرہ تاجروں نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی اور ریلوے کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر دکانیں ڈی سیل کی جائیں اور دونوں سرکاری اداروں کے درمیان معاملہ طے کرکے تاجروں کو کاروبار جاری رکھنے کا موقع دیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...