ڈپٹی کمشنر ، ڈی پی او کی شہید اہلکار عمران کے گھر آمد
عثمان طاہر اور غضنفر شاہ کا اہلخانہ سے اظہار تعزیت، تعاون کی یقین دہانی
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے شہداء اور ان کے خاندانوں کی معاونت کے ویژن کے مطابق ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید غضنفر علی شاہ نے ڈیرہ غازی خان پولیس کے شہید ایلیٹ فورس ہیڈ کانسٹیبل محمد عمران کے گھر جاکر اہلخانہ سے تعزیت کی۔ شہید محمد عمران کا تعلق مظفرگڑھ سے تھا۔ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے شہید کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے کہا کہ پولیس کے شہداء قوم اور فورس کا فخر ہیں، ان کی عظیم قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ڈی پی او سید غضنفر علی شاہ نے کہا کہ پنجاب پولیس اپنے تمام شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے اہلخانہ کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی شجاعت اور بہادری پولیس فورس کے حوصلے اور جذبے کو مزید تقویت دیتی ہے۔ ملاقات کے دوران افسران نے شہید کے خاندان کو ہر ممکن تعاون، دیکھ بھال اور سرکاری مراعات کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کی یقین دہانی کرائی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments