لودھراں،ملتان روڈ منصوبہ جلد مکمل کرنے کا حکم

لودھراں،ملتان روڈ منصوبہ جلد مکمل کرنے کا حکم

محکموں کو بجلی کے کھمبوں، گیس لائنوں، آپٹیکل فائبر، کیمرا پولز اور دیگر یوٹیلٹیز کی منتقلی کا عمل تیز کرنے ،منصوبے کے دوران ٹریفک روانی برقرار رکھنے کی ہدایات جاری مناسب ڈائیورژن، گردوغبار کے خاتمے کے لئے باقاعدہ سپرنکلنگ اور عوامی سہولت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ،کمشنر عامر کریم خان کی زیر صدارت جائزہ اجلاس کا انعقاد

ملتان (وقائع نگار خصوصی)کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت لودھراں، ملتان روڈ منصوبے کی پیش رفت، تعمیراتی کام اور یوٹیلیٹیز کی منتقلی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ طویل عرصے سے خراب لودھراں، ملتان روڈ کی تعمیر و بحالی شہریوں کے لئے بڑی خوشخبری ہے ، منصوبے کی پیش رفت کی ذاتی طور پر نگرانی کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل کے لئے واضح ڈیڈ لائن مقرر کی جائے اور تعمیراتی سرگرمیوں میں غیرضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔کمشنر نے متعلقہ محکموں کو بجلی کے کھمبوں، گیس لائنوں، آپٹیکل فائبر، کیمرا پولز اور دیگر یوٹیلیٹیز کی منتقلی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ صرف مراسلوں تک محدود رہنے کے بجائے متعلقہ اداروں کے ساتھ عملی رابطہ کرکے مسائل حل کئے جائیں۔ تعمیراتی کام کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے ، مناسب ڈائیورژن، گردوغبار کے خاتمے کے لئے باقاعدہ سپرنکلنگ اور عوامی سہولت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ملتان، وہاڑی روڈ کی طرح لودھراں، ملتان روڈ منصوبے کی پیش رفت کا بھی تسلسل کے ساتھ جائزہ لیا جائے گا اور تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے سے کام کرتے ہوئے منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں۔اجلاس میں این ایچ اے ، این ایل سی، کنٹریکٹرز اور متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی اور منصوبے کے مختلف حصوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ لودھراں، ملتان روڈ منصوبہ دو پیکیجز پر مشتمل ہے ، جس کے تحت لودھراں سے بستی ملوک تک 29 کلومیٹر جبکہ بستی ملوک سے ملتان تک 22 کلومیٹر سڑک کی تعمیر و بحالی کی جائے گی۔ پیکیج ون کے تحت روڈ کی اپ گریڈیشن جبکہ پیکیج ٹو میں سڑک کی بحالی، سائیڈ ڈرین اور نیو جرسی بیریئرز کی تعمیر شامل ہے ۔ دونوں پیکیجز کی مالی بولیوں کی منظوری 2 ستمبر کو ہوچکی ہے جبکہ ایوارڈ کا عمل جاری ہے ۔اجلاس میں پیکیج ون پر جاری عملی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بتایا گیا کہ کنٹریکٹر موقع پر موبلائز ہوچکا ہے ، کیمپ آفس اور میٹریل ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کردی گئی ہے جبکہ سروے ، سکارفیکیشن، سب بیس، ایگریگیٹ بیس کورس، کرب اسٹون اور کلورٹس کی تعمیر کا کام جاری ہے ۔ پیکیج ون میں تعمیراتی حدود میں آنے والے 52 بجلی کے کھمبوں میں سے 20 منتقل کیے جاچکے ہیں جبکہ پیکیج ٹو میں 139 میں سے 71 کھمبوں کی منتقلی مکمل ہوچکی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...