پیپلز پارٹی رہنماؤں کے پٹرول ریلیف پیکیج پر تحفظات
چودھری سرور عباس نے کم آمدن شہریوں کیلئے فوری ریلیف کا مطالبہ کردیا
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ پٹرول ریلیف پیکج پر پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماؤں نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے موجودہ معاشی حالات میں عوامی مشکلات کے مقابلے میں ناکافی قرار دیا ہے ۔ پیپلز پارٹی جنرل پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری چوہدری سرور عباس ایڈووکیٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ مہنگائی سے متاثرہ عام شہری کو فوری اور براہ راست ریلیف کی ضرورت ہے ، جبکہ پیچیدہ طریقہ کار اور محدود سہولتوں کے باعث مستحق افراد کیلئے پیکج سے فائدہ اٹھانا آسان نہیں۔انہوں نے کہا کہ کم آمدن والے افراد پہلے ہی بجلی، گیس، خوراک، تعلیم اور علاج کے بڑھتے اخراجات برداشت کر رہے ہیں۔ ایسے حالات میں پٹرول ریلیف پروگرام کا طریقہ کار سادہ، شفاف اور براہ راست عوام تک پہنچنے والا ہونا چاہیے ۔
حکومت کو صرف ریلیف پیکج کے اعلان تک محدود رہنے کے بجائے اس کے عملی فوائد بھی یقینی بنانا ہوں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی پروگرام سے فائدہ اٹھانے کیلئے شہریوں کو غیرضروری کاغذی کارروائی، پیچیدہ مراحل یا طویل انتظار سے گزرنا پڑے تو حقیقی مستحقین تک ریلیف نہیں پہنچ پاتا۔چودھری سرور عباس نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات صرف پٹرول تک محدود نہیں رہتے بلکہ ٹرانسپورٹ، زراعت، تجارت اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی اثر پڑتا ہے ۔ حکومت پٹرولیم قیمتوں میں کمی کے ساتھ ٹرانسپورٹ کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی مؤثر نگرانی کرے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حقیقی کمی کیلئے عملی اقدامات، ریلیف پیکج کا طریقہ کار آسان اور امداد کم آمدن والے شہریوں تک پہنچانے کو یقینی بنایا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments