فوڈ اتھارٹی کے چھاپے ، بیکریوں کی پروڈکشن بند

فوڈ اتھارٹی کے چھاپے ، بیکریوں کی پروڈکشن بند

گندگی، حشرات کی بھرمار ، صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پائے گئے

 میاں چنوں،ملتان ( سٹی رپورٹر،لیڈی رپورٹر)وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ہدایات اور ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی نگرانی میں مضرِ صحت خوراک کی تیاری و فروخت کیخلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ، مضرِ صحت انڈوں سے بیکری آئٹمز کی تیاری ناکام، پنجاب فوڈ اتھارٹی کا سخت کریک ڈاؤن ،میاں چنوں میں بیکریوں پر کارروائی، 40 درجن خراب و بدبودار انڈے تلف، مالکان کیخلاف مقدمات درج، پروڈکشن بند،مشینری ودیگر سامان ضبط کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مہر آباد روڈ اور مسلم ٹاؤن، میاں چنوں میں 2 بیکریوں پر انسپکشن کے دوران 40 درجن خراب، ٹوٹے اور بدبودار انڈے تلف کر دئیے ۔

ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران دونوں بیکریوں کے پروڈکشن ایریاز میں گندگی، حشرات کی بھرمار اور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پائے گئے ۔ خراب انڈوں کو بیکری آئٹمز کی تیاری میں استعمال کرکے مارکیٹ میں فروخت کیا جانا تھا۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مضرِ صحت انڈے موقع پر تلف کرنے کے ساتھ مکسنگ مشینری اور دیگر سامان ضبط کیا، قوانین کی خلاف ورزی پر بیکری مالکان کیخلاف مقدمات درج کروائے اور دونوں بیکریوں کی اصلاح تک پروڈکشن بند کر دی ۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے کہا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ صحت دشمن عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ اور انسانی صحت سے کھلواڑ کرنے والوں کو قانون کے مطابق سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...