ملتان، وہاڑی ، لودھراں میں فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں
غیر معیاری خوراک، ممنوعہ اجزا کے استعمال پر متعدد فوڈ پوائنٹس کیخلاف ایکشن
ملتان (لیڈی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی ہدایت پر ملتان، وہاڑی اور لودھراں میں غیر معیاری خوراک کی تیاری اور فروخت کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ مختلف فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن کے دوران فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے عائد کئے گئے ، جبکہ لودھراں میں ایک بیکری کو اصلاح تک بند کردیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران 30 لٹر غیر معیاری مشروبات اور 10 کلو ممنوعہ و ناقص اجزا تلف کردیئے گئے ۔تفصیلات کے مطابق ملتان میں کرکٹ سٹیڈیم کے قریب ایک سمال اسکیل مینوفیکچرنگ یونٹ کو پروڈکشن ایریا میں گندگی، حشرات کی بھرمار اور صفائی کے ناقص انتظامات پر 40 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ ایک معروف سپر سٹور کے بیکری سیکشن میں غیر معیاری آٹے ، حشرات کی موجودگی اور مکسنگ مشین کی صفائی نہ ہونے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ سورج کنڈ روڈ چوک شہباز اور پکی پل بوسن روڈ پر دو سویٹس اینڈ بیکرز کو مجموعی طور پر 35 ہزار روپے ، جبکہ اسٹار آرکیڈ بوسن روڈ پر واٹر پلانٹ کو 15 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔جلالپور روڈ پر بستی بھانیوالا میں ایک بیکری کو صفائی کے ناقص انتظامات اور برتنوں میں حشرات کی موجودگی پر اصلاح تک بند کردیا گیا۔ دنیاپور، کاظمی چوک، کہروڑ پکا اور دیگر علاقوں میں سوہن حلوہ یونٹ، کریانہ سٹور، ہوٹل اور کھویا یونٹ کو مختلف خلاف ورزیوں پر جرمانے کئے گئے ۔وہاڑی اور میلسی کے علاقوں میں بھی فوڈ پوائنٹس کو چائنیز نمک کے استعمال، زائدالمیعاد اشیا کی موجودگی، ناقص تیل اور صفائی کے ناقص انتظامات پر جرمانے عائد کئے گئے ۔ گڑھا موڑ میں پاپڑ فیکٹری کو بھی فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں پر جرمانہ کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments