وہاڑی، خاتون کا والدین اور بھائی پر ہراساں کرنے کا الزام

وہاڑی، خاتون کا والدین اور بھائی پر ہراساں کرنے کا الزام

پریس کانفرنس میں وراثتی زمین پر قبضے ، زیورات اور گھریلو سامان لینے کا دعویٰ وزیراعلیٰ پنجاب اور پولیس حکام سے تحفظ اور انصاف فراہم کرنے کی اپیل

وہاڑی (نمائندہ خصوصی) نواحی بستی چاہ بھٹیاں والا، موضع ڈھوڈہ کی رہائشی صنم رسول نے اپنے خاوند قیصر عباس کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنے والد غلام رسول، والدہ شہناز رسول اور بھائی عدنان رسول پر ہراساں کرنے ، گھر سے نکالنے اور وراثتی زمین پر قبضے کی کوشش کا الزام عائد کیا ہے ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، آئی جی پنجاب، آر پی او ملتان اور ڈی پی او وہاڑی سے تحفظ اور انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے ۔صنم رسول نے دعویٰ کیا کہ ان کے والد اور بھائی کے خلاف منشیات فروشی سمیت مختلف غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔ ان کے مطابق، اہل خانہ کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو مبینہ طور پر مقدمات میں الجھایا جاتا ہے اور بعد ازاں صلح کے نام پر رقم طلب کی جاتی ہے ۔خاتون کا کہنا تھا کہ انہیں بھی مبینہ طور پر غیر قانونی سرگرمیوں میں شامل ہونے کے لیے کہا گیا، تاہم انکار پر انہیں گھر سے نکال دیا گیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ان کے تین تولے سونے کے زیورات اور گھریلو سامان بھی لے لیا گیا، جبکہ دو کنال زرعی زمین پر قبضے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔صنم رسول کے مطابق، مذکورہ زمین ان کے خاوند قیصر عباس کی ملکیت ہے اور اس حوالے سے قانونی دستاویزات ان کے پاس موجود ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے اہل خانہ کی جانب سے پہلے بھی مبینہ طور پر جھوٹی ایف آئی آر درج کرانے کی کوشش کی گئی اور اب سوشل میڈیا پر من گھڑت باتیں پھیلائی جا رہی ہیں۔متاثرہ جوڑے نے اعلیٰ حکام سے معاملے کا نوٹس لینے ، الزامات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے اور جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ان الزامات پر نامزد افراد کا مؤقف سامنے نہیں آیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...