وہاڑی، زمیندار کا مقدمے کی شفاف تفتیش اور اخراج کا مطالبہ
سیاسی مخالفین پر ملازمین کو استعمال کرکے جھوٹا مقدمے کا الزام، نوٹس کی اپیل
وہاڑی (نمائندہ خصوصی) نواحی موضع گرداور کے زمیندار میاں حسیب نواز نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے سیاسی مخالفین نے سابق ملازمین کو استعمال کرکے ان کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کرایا ہے ۔ انہوں نے آئی جی پنجاب پولیس اور آر پی او ملتان سے میرٹ پر تفتیش کرکے مقدمہ خارج کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں حسیب نواز نے بتایا کہ شازیہ بی بی اور اکرام گزشتہ دو سال سے ان کے ہاں ملازمت کرتے تھے ۔ ان کے بقول، دونوں نے ان کا موٹر سائیکل چوری کیا تھا، جو تھانہ میراں پور کے اے ایس آئی محمد یعقوب نے فورٹ آباد سے برآمد کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ دنوں گھر سے سونے کی انگوٹھی بھی چوری ہوئی، جس پر انہوں نے پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی۔ پولیس موقع پر پہنچی تو شازیہ بی بی اور اکرام بچوں کو چھوڑ کر چلے گئے ۔میاں حسیب نواز کے مطابق، ان کے سیاسی مخالفین نے پہلے مبینہ زیادتی کی درخواست دی، جو ان کے دعوے کے مطابق میڈیکل رپورٹ میں ثابت نہ ہو سکی، جس کے بعد زیادتی کی کوشش کی دوسری درخواست دے کر مقدمہ درج کرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی مخالفین کی جانب سے ان کے خلاف چھ درخواستیں دی گئیں، جنہیں ان کے بقول آر پی او ملتان نے سماعت کے بعد خارج کر دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر میں درج واقعے کی جانچ کے لیے ڈیرے پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ دیکھی جا سکتی ہے ۔ میاں حسیب نواز نے حکام سے مطالبہ کیا کہ شواہد کی روشنی میں غیر جانبدارانہ تفتیش کرکے انصاف فراہم کیا جائے ۔ ان الزامات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments