مظفرگڑھ کوآرڈینیشن کمیٹی کی عوامی مسائل حل کرنیکی ہدایت
پٹواریوں کی حاضری، اساتذہ کی کمی اور رنگ پور میں تحصیل ہسپتال کے قیام پر غور
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس رکن صوبائی اسمبلی سردار عون حمید ڈوگر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ، ڈی پی او سید غضنفر علی شاہ، ایم پی اے اجمل خان چانڈیہ، ایم پی اے علمدار قریشی اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں مظفرگڑھ کینال سمیت مختلف عوامی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔ ہدایت کی گئی کہ تحصیلدار ہفتے میں ایک مرتبہ قانون گوئی کا دورہ کریں اور پٹواریوں کی حاضری یقینی بنائیں تاکہ ریونیو سے متعلق عوامی مسائل بروقت حل کیے جا سکیں۔ یونین کونسلوں کے سیکرٹریوں اور پٹواریوں کی حاضری یقینی بنانے اور سرکاری امور میں غفلت ختم کرنے پر بھی زور دیا گیا۔اجلاس میں سرکاری سکولوں میں تدریسی عملے کی کمی کا معاملہ زیر غور آیا۔ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ تعلیمی اداروں میں عملے کی دستیابی کے مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ ایم پی اے اجمل خان چانڈیہ نے رنگ پور میں تحصیل ہیڈکوارٹر سطح کے ہسپتال کے قیام کی ضرورت پر زور دیا تاکہ علاقے کے لوگوں کو بہتر طبی سہولیات میسر آسکیں۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز محمد یوسف چھینہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز انعم حفیظ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع طاہر محمود بھٹی، چیف ایگزیکٹو آفیسر تعلیم کاظم گرمانی اور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر عبدالرحمن کھاکھی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔سردار عون حمید ڈوگر نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی مفاد کے امور پر سنجیدگی سے کام کریں اور سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments