پولیس ملازمین کے ہونہار بچوں میں نقد انعامات تقسیم
ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی بچوں ، والدین سے ملاقات، بہتر کارکردگی پر حوصلہ افزائی
بہاولپور (خبر نگار، سٹی رپورٹر)ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے اپنے پولیس اسکواڈ کے ملازمین کے بچوں کو میٹرک کے امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور نقد انعامات سے نوازا۔فواد ہاشم ربانی نے نمایاں نمبر حاصل کرنے والے طلبہ اور ان کے والدین کو اپنے دفتر میں مدعو کیا اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔ اے ایس آئی عبدالمجید کے صاحبزادے حافظ حسنین مجید نے میٹرک کے امتحان میں 1074 نمبر حاصل کیے ، جبکہ پولیس اہلکار نوید ارشد کے بیٹے عبدالمنان نے 1024 نمبر حاصل کرکے نمایاں کامیابی حاصل کی۔اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے کہا کہ پولیس اور سکیورٹی عملے کے ملازمین مشکل فرائض اور محدود وسائل کے باوجود اپنے بچوں کی تعلیم کے لیے محنت کرتے ہیں۔ ان بچوں کی کامیابی ان کی لگن اور والدین کی محنت کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہونہار طلبہ مستقبل میں بھی محنت جاری رکھیں گے اور ملک و قوم کا نام روشن کریں گے ۔بچوں اور ان کے والدین نے حوصلہ افزائی اور سرپرستی پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنوبی پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments