ڈی سی خانیوال کا سرکاری ہائی سکولوں میں انتظامات کا جائزہ
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے تعلیمی وژن کے مطابق سرکاری اسکولوں میں معیاری تعلیم، بہتر تدریسی سہولیات اور سازگار ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تعلیمی اداروں کی نگرانی جاری ہے ۔
اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر خانیوال حنا ارشد نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول اور گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کوٹ مولچند کا دورہ کیا اور تعلیمی و انتظامی امور کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے طلبہ کی حاضری، تدریسی سرگرمیوں اور اسکولوں میں دستیاب بنیادی سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کلاس رومز، پینے کے صاف پانی، واش رومز اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں میں صفائی ستھرائی اور بنیادی سہولیات کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے طلبہ سے مختلف تعلیمی سوالات بھی کیے اور ان کی تعلیمی استعداد کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تدریسی عمل کا معیار بہتر بنانے ، طلبہ کی حاضری یقینی بنانے اور اسکولوں میں صاف ستھرا اور سازگار ماحول برقرار رکھنے کے لیے مؤثر نگرانی کی جائے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حنا ارشد نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں تعلیمی معیار کی بہتری، طلبہ کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور تعلیمی ماحول کو مزید بہتر بنانا ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں بہتری کے لیے نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے گا تاکہ طلبہ کو تعلیم کے لیے بہتر ماحول میسر آ سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments