ایل پی جی قیمتوں میں من مانا اضافہ، 650 روپے کلو فروخت
شہریوں کا شدیداحتجاج، تحصیل انتظامیہ اور پیرا فورس سے فوری کارروائی کا مطالبہ
جودھ پور ،بارہ میل،چوپڑ ہٹہ(نمائندہ دنیا) کبیروالا اور گردونواح میں ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں مبینہ خودساختہ اضافے کے باعث شہری پریشانی کا شکار ہیں۔ گیس ری فلنگ کرنے والے دکانداروں کی جانب سے فی کلو 600 سے 650 روپے تک وصول کیے جانے کی شکایات سامنے آئی ہیں، جبکہ شہریوں کے مطابق سرکاری نرخ تقریباً 280 روپے فی کلو ہیں۔تفصیلات کے مطابق مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی فروخت کرنے والے دکاندار گیس کی قلت کا جواز پیش کرکے من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں۔ موسم سرما میں سوئی گیس کے کم پریشر اور عدم دستیابی کے باعث ایل پی جی کی طلب میں اضافے کا ناجائز فائدہ اٹھایا جا رہا ہے ۔ عوامی و سماجی حلقوں نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ انتظامیہ اور پیرا فورس کی جانب سے مؤثر کارروائی نہ ہونے کے باعث شہری مہنگے داموں گیس خریدنے پر مجبور ہیں۔شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، ڈپٹی کمشنر خانیوال اور اسسٹنٹ کمشنر کبیروالا سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں خودساختہ اضافے کا نوٹس لیا جائے ، سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنائی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments