چوک سرور شہید میں سمگل ہونیوالا 32من آٹا پکڑا گیا

چوک سرور شہید میں سمگل ہونیوالا 32من آٹا پکڑا گیا

ڈرائیور گرفتار، مقدمہ درج، ضبط شدہ آٹا سرکاری نرخوں پر فروخت کرنیکا حکم

کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار) آٹے اور گندم کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چوک سرور شہید ٹول پلازہ پر دوسرے صوبے منتقل کیا جانے والا 32 من آٹا پکڑ لیا گیا۔ فوڈ انسپکٹرز نے آٹا منتقل کرنے والے ڈرائیور کو گرفتار کروا کر مقدمہ درج کروا دیا، جبکہ ضبط شدہ آٹا سرکاری نرخوں پر مقامی مارکیٹ میں فروخت کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق حکومت کی ہدایات پر غذائی اجناس کی قلت اور قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے آٹے اور گندم کی غیر قانونی نقل و حمل کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ پنجاب سے دیگر صوبوں کو جانے والے راستوں پر قائم چیک پوسٹوں پر مشکوک گاڑیوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے ۔گزشتہ روز چوک سرور شہید ٹول پلازہ پر فوڈ انسپکٹرز ضیاء اللہ گوندل اور محمد عمیر آٹے کی نقل و حمل کی نگرانی کر رہے تھے کہ انہوں نے گاڑی نمبر 275 ٹی ایل جے کو روک کر تلاشی لی۔ گاڑی سے 32 من آٹا برآمد ہوا۔ ڈرائیور محمد افضل سکنہ ضلع میانوالی آٹے کی نقل و حمل کا ای پرمٹ پیش نہ کر سکا۔فوڈ انسپکٹرز نے معاملے سے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرگڑھ و کوٹ ادو کو آگاہ کیا، جنہوں نے ضبط شدہ آٹا سرکاری گودام منتقل کرکے مقامی مارکیٹ میں سرکاری نرخوں پر فروخت کرنے اور حاصل ہونے والی رقم سرکاری خزانے میں جمع کرانے کی ہدایت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...