ٹریفک سگنلز بحالی منصوبہ کی فوری تکمیل کا حکم

ٹریفک سگنلز بحالی منصوبہ کی فوری تکمیل کا حکم

نواں شہر چوک،رضاآباد چوک، پی ایس پی کے سگنلز 13سال بعد بحال

ملتان ( وقائع نگار خصوصی) شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے ڈویژنل انتظامیہ ملتان کی جانب سے ٹریفک سگنلز کی بحالی کا عمل تیز کردیا گیا ہے ۔ ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے شہر کے اہم چوکوں پر خراب اور طویل عرصے سے غیر فعال ٹریفک سگنلز بحال کرکے فعال کر دیئے ہیں۔اس حوالے سے کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ٹریفک سگنلز کی بحالی اور فعالیت کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ نواں شہر چوک، ایس پی چوک، رضا آباد چوک اور چونگی نمبر ایک کے ٹریفک سگنلز بحال کر دیئے گئے ہیں، جبکہ عیدگاہ، چونگی نمبر 9، کچہری اور سیداں والا بائی پاس پر بھی ٹریفک سگنلز فعال ہیں۔ ایس پی چوک کا ٹریفک سگنل 13 سال بعد بحال کیا گیا ہے ۔اجلاس میں ڈی جی ایم ڈی اے راشد ارشاد نے بتایا کہ شہر کے چار اہم چوکوں پر ٹریفک سگنلز کی بحالی کے لئے ابتدائی طور پر 41 ملین روپے کا تخمینہ لگایا گیا تھا، تاہم ایم ڈی اے کی اندرونِ محکمہ کوششوں اور مقامی تکنیکی ماہرین کی خدمات سے یہ کام تقریباً 1.5 ملین روپے میں مکمل کرلیا گیا۔

 انہوں نے بتایا کہ ٹریفک سگنلز کی وائرنگ، کنٹرول سسٹم اور دیگر تکنیکی نقائص دور کرکے انہیں فعال بنایا گیا ہے ۔ مقامی سطح پر سگنلز کی پروگرامنگ اور مرمت کی تکنیکی صلاحیت بھی پیدا کی گئی ہے ، جس کے بعد آئندہ مرمت کے لیے بیرونِ شہر سے ماہرین بلانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ دوسری جانب کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت محمدی پارک کی تعمیر و اپ گریڈیشن کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں پارک کے جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت، تعمیراتی معیار اور تکمیل میں تاخیر کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمشنر عامر کریم خاں نے ترقیاتی کاموں میں غیر ضروری تاخیر اور ناقص تعمیراتی معیار پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ عوامی منصوبوں میں ناقص میٹریل اور غیر معیاری تعمیراتی کام کسی صورت برداشت نہیں کئے جائیں گے ۔اجلاس میں ایکسئن ایم ڈی اے نے یقین دہانی کرائی کہ محمدی پارک کے تمام ترقیاتی کام 15 نومبر تک مکمل کر لئے جائیں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...