نوابزادہ نصراللہ پر تنقید قابل مذمت ، چودھری عدنان خالد
وزیر دفاع کو بابائے جمہوریت کی سیاسی خدمات کا احترام کرنا چاہیے ،بیان
وسندے والی (نامہ نگار)پیپلز پارٹی کے حلقہ پی پی 270 سے امیدوار چوہدری عدنان خالد نے کہا ہے کہ رکن قومی اسمبلی نوابزادہ افتخار احمد خان کے والد اور بابائے جمہوریت نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم کے بارے میں وزیر دفاع خواجہ آصف کی قومی اسمبلی میں کی گئی تنقید قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے کشمیر کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے نوابزادہ نصراللہ خان کی خدمات پر اعتراضات کو نامناسب قرار دیا۔میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری عدنان خالد نے کہا کہ نوابزادہ نصراللہ خان نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی ایک ممتاز سیاسی رہنما کی حیثیت رکھتے تھے ۔ وہ جمہوریت کے استحکام اور سیاسی جدوجہد کے حوالے سے ایک نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر دفاع خواجہ آصف ایک سینئر پارلیمنٹیرین ہیں، انہیں ایک عظیم سیاست دان کے بارے میں بعد از وفات اس طرح کے ریمارکس دینے سے گریز کرنا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ نوابزادہ افتخار احمد خان، جو پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات بھی ہیں، نے قومی اسمبلی میں اپنے والد کی سیاسی جدوجہد اور قومی خدمات کے حوالے سے تاریخی حقائق بیان کرکے صورت حال واضح کردی ہے ۔ چوہدری عدنان خالد نے امید ظاہر کی کہ آئندہ کوئی بھی سیاست دان بابائے جمہوریت کی شخصیت اور خدمات کو بلاوجہ تنقید کا نشانہ بنانے سے گریز کرے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments