32 سال بعد ملتان میں قومی بیس بال چیمپئن شپ آج شروع
قلعہ قاسم باغ سٹیڈیم میں 11 ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، کمشنر افتتاح کریں گے
ملتان (خصوصی رپورٹر)پاکستان فیڈریشن بیس بال کے زیر اہتمام 27ویں سید خاور شاہ نیشنل بیس بال چیمپئن شپ کا آج قلعہ قاسم باغ سٹیڈیم ملتان میں باقاعدہ آغاز ہوگا۔ ایونٹ میں محکمہ جاتی اور صوبائی سطح کی 11 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں، جن کے درمیان دلچسپ مقابلے متوقع ہیں۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر ملتان عامر کریم خان ہوں گے ، جو چیمپئن شپ کا افتتاح کریں گے ۔انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان عطا الرحمن خان نے قلعہ قاسم باغ اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل پاکستان فیڈریشن بیس بال طاہر محمود اور ٹورنامنٹ کے آرگنائزنگ سیکرٹری محمد جمیل کامران نے انہیں تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔عطا الرحمن خان نے کہا کہ 32 سال بعد ملتان میں قومی بیس بال چیمپئن شپ کا انعقاد ہو رہا ہے ۔ ملک بھر سے آنے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے تاکہ وہ خوشگوار یادیں لے کر واپس جائیں۔ انہوں نے گراؤنڈ اور دیگر انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا اور ایونٹ کو ملتان کے لئے یادگار قرار دیا۔طاہر محمود نے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ محمد جمیل کامران نے بتایا کہ چیمپئن شپ کے تمام انتظامات مکمل اور ٹیمیں ملتان پہنچ چکی ہیں۔ ٹورنامنٹ 8 نومبر تک جاری رہے گا، جس میں پاکستان آرمی سمیت 11 ٹیمیں حصہ لیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments