بی زیڈ یو اکیڈمک سٹاف کے عہدیداروں میں اختلافات شدید،ایک مستعفی

بی زیڈ یو اکیڈمک سٹاف کے عہدیداروں میں اختلافات شدید،ایک مستعفی

ایسوسی ایشن قیادت، بالخصوص صدر ڈاکٹر بنیامین ، نائب صدر ثمرہ مسعود کے رویے پر شدید مایوسی اور تحفظات کا اظہار،پی ایچ ڈی فیس معافی اور مبینہ تبادلے کی یقین دہانی بھی زیر بحث

ملتان (خصوصی رپورٹر) بہائالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کی اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن (اے ایس اے ) کے عہدیداروں کے درمیان اختلافات سامنے آنے کے بعد شعبہ قانون وہاڑی سب کیمپس سے تعلق رکھنے والے احسن ہاشمی نے ایسوسی ایشن کی رکنیت اور اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔ روزنامہ دنیا کو ان کے دستخط شدہ استعفے کی کاپی موصول ہوئی ہے ، جو انہوں نے باقاعدہ طور پر اے ایس اے کے صدر ڈاکٹر بنیامین کو جمع کرائی۔ استعفے میں انہوں نے ایسوسی ایشن کی قیادت، بالخصوص صدر ڈاکٹر بنیامین اور نائب صدر ڈاکٹر ثمرہ مسعود کے رویے پر مایوسی اور تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق انتخابی مہم کے دوران ڈاکٹر بنیامین نے احسن ہاشمی کو بی زیڈ یو کے وہاڑی سب کیمپس سے گیلانی لاء کالج، مرکزی کیمپس ملتان منتقل کروانے کی یقین دہانی کرائی تھی، تاہم یہ مبینہ وعدہ پورا نہ ہو سکا۔ دوسری جانب وہاڑی سب کیمپس کے دیگر اساتذہ نے بھی مساوی بنیادوں پر مرکزی کیمپس منتقلی کا مطالبہ کر دیا، جس کے باعث معاملہ پیچیدہ ہو گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملازمت کے اشتہار میں تعیناتی سب کیمپس میں کرنے کی وضاحت موجود ہوتی ہے ، اس لیے بعد ازاں مرکزی کیمپس منتقلی کے مطالبے پر پالیسی اور قواعد و ضوابط کے حوالے سے سوالات اٹھ رہے ہیں۔ اس معاملے کا ایک اور پہلو احسن ہاشمی کی پی ایچ ڈی داخلہ فیس معافی سے متعلق اطلاعات ہیں۔ الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ انتخابی کامیابی کے بعد ان کی داخلہ فیس معاف کرائی گئی۔ 

اس حوالے سے یہ سوال بھی سامنے آیا ہے کہ فیس معافی کس ضابطے کے تحت اور کس مجاز اتھارٹی کی منظوری سے ہوئی اور کیا ایسی سہولت دیگر اساتذہ کو بھی حاصل ہے ؟ ان معاملات نے ایسوسی ایشن کے انتخابی وعدوں، قیادت کے کردار اور اس کی نمائندہ حیثیت سے متعلق بحث کو جنم دیا ہے ۔ اساتذہ کی تنظیم کا بنیادی مقصد اجتماعی حقوق کا تحفظ، مسائل کا حل اور ادارے میں میرٹ و انصاف کا فروغ ہے ۔ اگر انتخابی حمایت یا تنظیمی عہدوں کو انفرادی مفادات کے لیے استعمال کیا گیا ہے تو یہ تنظیمی اخلاقیات اور اساتذہ کے اعتماد سے متعلق سنجیدہ معاملہ ہے ۔ احسن ہاشمی کے استعفے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ مبینہ تبادلے کی یقین دہانی، وہاڑی سب کیمپس کے اساتذہ کے ساتھ اختیار کیے گئے طریقہ کار اور پی ایچ ڈی داخلہ فیس معافی کے معاملے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں۔ متعلقہ منظوریوں، سرکاری ریکارڈ اور قواعد و ضوابط کا جائزہ لے کر حقائق سامنے لائے جائیں تاکہ معاملے کی شفافیت یقینی بنائی جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...