زکریا یونیورسٹی اکائونٹس آفس میں مبینہ بدانتظامی ، مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف
شعبہ اکاؤنٹس میں گروپ بندی، ملازمین سے ناروا سلوک،انتظامی امور میں اقربا پروری کا عنصر عام ہوچکا، دفتر میں عدم اعتماد کی فضا سے امور متاثر، تحقیقات کا مطالبہ
ملتان (خصوصی رپورٹر)زکریا یونیورسٹی ملتان کے اکاؤنٹس آفس میں مبینہ بدانتظامی، گروپ بندی، ملازمین سے ناروا سلوک، مالی بے ضابطگیوں اور انتظامی امور میں اقربا پروری کے الزامات سامنے آگئے ۔ ایک نامعلوم یونیورسٹی ملازم نے انتقامی کارروائی کے خدشے کے پیش نظر وائس چانسلر کو گمنام درخواست ارسال کرتے ہوئے خاتون ڈپٹی ٹریژرر کے خلاف غیر جانبدارانہ انکوائری اور انہیں اکاؤنٹس آفس سے فوری طور پر تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔وائس چانسلر کو ارسال کردہ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈپٹی ٹریژرر کے چارج سنبھالنے کے بعد اکاؤنٹس آفس کا ماحول ناقابل برداشت ہو چکا ہے اور مبینہ طور پر چھوٹے بڑے تمام ملازمین کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا جاتا ہے دفتر میں گروہ بندی کو فروغ دیا جا رہا ہے اور دفتری نظام چند پسندیدہ افراد کے ذریعے چلایا جا رہا ہے ، جبکہ دیگر ملازمین کو نظرانداز اور تضحیک کا سامنا کرنا پڑتا ہے درخواست میں مزید الزام عائد کیا گیا ہے کہ مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور کرپشن سے متعلق معاملات میں بھی یہ شخص کی معاونت اور ملی بھگت شامل ہونے کی شکایات ہیں، جن کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات ضروری ہیں یہ خاتون ڈپٹی ٹریژرر اپنے گروپ کے افراد کے ساتھ بھی مفاد پورا ہونے کے بعد نامناسب رویہ اختیار کرتی ہیں، جس سے دفتر میں خوف اور عدم اعتماد کی فضا پیدا ہو چکی ہے پارٹ ٹائم اساتذہ اور وینڈرز کے بل مبینہ طور پر دانستہ طور پر چھ ماہ تک روکے رکھے جاتے ہیں اور طویل تاخیر کے بعد ان پر پرانی تاریخوں میں دستخط کیے جاتے ہیں، جس کے باعث متعلقہ اساتذہ اور وینڈرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے رخواست میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی ٹریژرر بلوں کی جانچ پڑتال اور منظوری کے لیے ماتحت عملے کی معاونت کی محتاج ہیں، جبکہ ان کا تعلیمی پس منظر بھی اکاؤنٹس جیسے تکنیکی شعبے کی ضروریات سے مطابقت نہیں رکھتا مالیاتی قواعد، اکاؤنٹنگ، آڈٹ اور جدید ڈیجیٹل نظام کی مہارت کے حامل فرد کی ضرورت والے شعبے میں ان کی تعیناتی کن بنیادوں پر کی گئی اور آیا ان کی تقرری مطلوبہ قابلیت، تجربے اور متعلقہ قواعد کے مطابق ہے یا نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments