سرورشہید مویشی ہسپتال کی اراضی واگزار کرانے کا عمل شروع

سرورشہید مویشی ہسپتال کی اراضی واگزار کرانے کا عمل شروع

23 بجلی اور گیس کنکشن منقطع، متاثرین کا 40 سے 50 سالہ رہائش کا دعویٰ

چوک سرورشہید (نمائندہ دنیا) شفاخانہ حیوانات چوک سرورشہید کی سرکاری اراضی واگزار کرانے کے لیے ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو جواد حیدر شاہ کے احکامات پر تحصیل انتظامیہ نے کارروائی شروع کر دی۔ مویشی ہسپتال کی مغربی اور شمالی جانب واقع 23 گھروں کے بجلی اور گیس کے کنکشن منقطع کرکے میٹر اتار لیے گئے ۔تفصیلات کے مطابق کوٹ ادو روڈ پر واقع مویشی ہسپتال کی مجموعی اراضی 25 کنال ہے ، جس میں سے تقریباً 8 کنال 19 مرلے پر مبینہ طور پر مکانات تعمیر کیے گئے ہیں۔ مقامی شہری کی جانب سے 15 ماہ قبل صوبائی محتسب پنجاب کو سرکاری اراضی واگزار کرانے کے لیے درخواست دی گئی تھی۔ اس سے قبل بھی بجلی اور گیس کے میٹر اتارنے کی کارروائی شروع ہوئی، تاہم متاثرین نے سابق ایم پی اے چوہدری احسان الحق نولاٹیہ کی معاونت سے لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ سے حکم امتناعی حاصل کر لیا تھا۔ بعدازاں حکم امتناعی کی مدت ختم ہونے اور رٹ خارج ہونے کے بعد کارروائی دوبارہ شروع ہوگئی۔گزشتہ روز میپکو سب ڈویژن چوک سرورشہید اور سوئی ناردرن گیس کے عملے نے 23 گھروں کے کنکشن منقطع کرکے میٹر اتار لیے ۔متاثرین کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ 40 سے 50 سال سے یہاں آباد ہیں اور غریب ہونے کے باعث متبادل رہائش کا انتظام نہیں کر سکتے ۔ ان کے مطابق مویشی ہسپتال کی مشرقی جانب اراضی موجود ہے ، جبکہ شمالی اور مغربی جانب غریب خاندان آباد ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ گھروں کو گرانے کی کارروائی روکی جائے اور انہیں بے گھر ہونے سے بچایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...