وہاڑی ہسپتال کی کینٹین پر اشیائے خورونوش مہنگی فروخت
مقررہ نرخوں کے باوجود ہر چیز پر مبینہ 10 روپے اضافی وصول کئے جا رہے
وہاڑی (نمائندہ خصوصی) ہسپتال میں بچوں کے علاج کے لیے آنے والے پریشان حال والدین کو کینٹین پر بھی مبینہ اضافی وصولیوں کا سامنا ہے ۔ شہریوں کے مطابق کینٹین پر اشیائے خوردونوش کی مقررہ قیمت کے علاوہ ہر چیز پر 10 روپے اضافی وصول کیے جا رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ کینٹین انتظامیہ اضافی رقم وصول کرنے کا جواز یہ پیش کرتی ہے کہ اسے سرکاری سطح پر ٹھیکہ دیا گیا ہے ۔ دوسری جانب کینٹین پر ایم ایس کی جانب سے مبینہ طور پر جاری کردہ نرخ نامہ بھی آویزاں ہے ، جس کے باوجود زائد قیمتیں وصول کیے جانے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔والدین کے مطابق بچوں کے علاج کے لیے ہسپتال آنے والے پہلے ہی مالی اور دیگر مشکلات کا شکار ہوتے ہیں، ایسے میں کینٹین پر اضافی وصولیاں ان کے لیے مزید پریشانی کا باعث بن رہی ہیں۔ شہریوں نے کینٹین کی نگرانی کے نظام پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شکایات کا فوری نوٹس لے کر کینٹین کے نرخوں کی جانچ پڑتال کی جائے اور مقررہ قیمتوں پر اشیائے خوردونوش کی فروخت یقینی بنائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments