تھانے میں تاجروں سے ناروا سلوک ، کارروائی نہ ہونا تشویشناک

تھانے میں تاجروں سے ناروا سلوک ، کارروائی نہ ہونا تشویشناک

تاجر رہنماؤں کا شفاف انکوائری کا مطالبہ، احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے کی وارننگ

ملتان (لیڈی رپورٹر)مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے مرکزی صدر خواجہ سلیمان صدیقی اور انجمن تاجران جنوبی پنجاب و ملتان شہر کے صدر عارف فصیح اللہ نے تھانہ دہلی گیٹ پولیس کی جانب سے صدر عثمان جٹ اور مختلف مارکیٹوں کے منتخب تاجروں کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک اور غیر قانونی حراست میں رکھنے کے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کو کئی روز گزرنے کے باوجود ذمہ دار پولیس افسران کے خلاف کارروائی نہ ہونا افسوسناک ہے ، جس سے تاجر برادری میں بے چینی بڑھ رہی ہے ۔تاجر رہنماؤں نے کہا کہ تنظیمیں مسلسل احتجاج ریکارڈ کرا رہی ہیں اور اعلیٰ پولیس حکام سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ بھی کیا جا چکا ہے ، تاہم ابھی تک عملی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ پولیس کی ذمہ داری شہریوں اور تاجروں کو تحفظ فراہم کرنا اور ان کے مسائل قانون کے مطابق حل کرنا ہے ۔ کسی بھی افسر کو اختیارات کے ناجائز استعمال اور شہریوں کی عزت نفس مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے سی پی او، آر پی او ملتان اور ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی غیر جانبدارانہ انکوائری کرائی جائے اور تحقیقات مکمل ہونے تک ایس ایچ او دہلی گیٹ اور متعلقہ ڈی ایس پی کو عہدوں سے ہٹایا جائے۔

 الزامات ثابت ہونے پر ذمہ دار افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے ۔تاجر رہنماؤں نے خبردار کیا کہ مطالبات پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مظاہرے اور دھرنے دیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کے حقوق اور انصاف کے حصول پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...