ریسکیو سروسز کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے :اسسٹنٹ کمشنر

ریسکیو سروسز کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے :اسسٹنٹ کمشنر

دہلیز پرسہولیات کی فراہمی میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی: اُم حبیبہ

مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر اُم حبیبہ کے تحصیل بھر میں عوامی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے دورے جاری ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے کرم داد قریشی کا دورہ کیا اور ریسکیو 1122 آفس، ویٹرنری ہسپتال اور مریم نواز ہیلتھ کلینک کا معائنہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ریسکیو 1122 آفس میں انہوں نے ایمرجنسی سروسز کی دستیابی، عملے کی حاضری اور شہریوں کو فوری امداد فراہم کرنے کے انتظامات کا معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ ہنگامی حالات میں ریسکیو سروسز کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ ویٹرنری ہسپتال میں جانوروں کے علاج معالجے ، ادویات کی دستیابی اور مویشی پال افراد کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں مریم نواز ہیلتھ کلینک میں طبی سہولیات، عملے کی موجودگی اور علاج معالجے کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر اُم حبیبہ نے کہا کہ حکومت پنجاب کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری سہولیات فراہم کرنا ہے ، اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور عملے کو عوامی خدمت کے جذبے کے تحت فرائض انجام دینے اور شہریوں کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی جاری رہے گی تاکہ عوام کو حکومتی اقدامات کے ثمرات پہنچ سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...