انتظامی غفلت:ایمرسن یونیورسٹی پن ٹیک ایکسپو میں منتخب طلبہ و اساتذہ شرکت سے محروم
سات شعبوں کے منصوبوں کی کامیابی کی تشہیر، مبینہ مالی معاونت نہ ملنے پر بیشتر منتخب شرکاء شرکت نہ کر سکے ،سفری ورہائشی سہولتیں دینے سے انکار، انتظامی پالیسی پر سوالات اٹھنے لگے ، ذرائع
ملتان(خصوصی رپورٹر)ایمرسن یونیورسٹی میں ہونہار پن ٹیک ایکسپو کی شرکت پر تنازع، منتخب طلبہ و اساتذہ سفری سہولتوں سے محروم رہنے کا انکشاف ،سات شعبوں کے منصوبوں کی کامیابی کی تشہیر، مبینہ مالی معاونت نہ ملنے پر بیشتر منتخب شرکاء ایکسپو میں شرکت نہ کر سکے ۔ تفصیل کے مطابق ایمرسن یونیورسٹی ملتان میں تحقیقی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی اور طلبہ و اساتذہ کو مواقع فراہم کرنے کے دعوؤں کے برعکس ہونہار پنجاب انوویشن اینڈ ٹیکنالوجی ایکسپو 2026 میں شرکت کے معاملے پر انتظامی پالیسی اور مبینہ دوہرے معیار کے حوالے سے سوالات اٹھنے لگے ہیں ۔
یونیورسٹی کی جانب سے ایکسپو کے لیے سات شعبوں کے جدید تحقیقی و تخلیقی منصوبوں کی شارٹ لسٹنگ کو نمایاں کامیابی قرار دیتے ہوئے بھرپور تشہیر کی گئی، تاہم ذرائع کے مطابق منتخب طلبہ اور اساتذہ کو سفری اخراجات، ٹی اے /ڈی اے اور رہائش کی سہولیات فراہم نہ کیے جانے کے باعث بیشتر شرکاء ایونٹ میں شرکت سے محروم رہ گئے ۔یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ تشہیری پوسٹر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 14 اور 15 نومبر 2026 کو منعقد ہونے والے ہونہار پن ٹیک ایکسپو میں ایمرسن یونیورسٹی کے سات منصوبے منتخب ہوئے ہیں ۔ذرائع کے مطابق ان منصوبوں کی کامیابی کو یونیورسٹی انتظامیہ کی کارکردگی کے طور پر اجاگر کیا گیا، تاہم جب منتخب طلبہ اور اساتذہ کو ایکسپو میں شرکت کے لیے روانہ کرنے کا مرحلہ آیا تو مبینہ طور پر انہیں سفری اور رہائشی سہولیات فراہم کرنے سے انکار کر دیا گیا ۔
جبکہ صرف شعبہ انگریزی اور شعبہ ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کے نمائندے محدود وسائل اور اپنی مدد آپ کے تحت ایونٹ میں شریک ہوئے ۔یونیورسٹی کے بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ طلبہ اور اساتذہ نے کئی ماہ کی محنت سے تحقیقی و تخلیقی منصوبے تیار کیے ، لیکن اہم قومی سطح کے ایونٹ میں ان منصوبوں کی نمائندگی کے لیے ضروری سہولیات فراہم نہیں کی گئیں محض منصوبوں کی سلیکشن کو انتظامی کامیابی قرار دینا کافی نہیں بلکہ ان کی مؤثر نمائندگی اور حوصلہ افزائی کے لیے عملی اقدامات بھی ضروری ہیں۔دوسری جانب یونیورسٹی ذرائع نے وائس چانسلر کی جانب سے ایکسپو میں شرکت کے انتظامات اور اخراجات کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ طلباء اور اساتذہ کے سفری اخراجات کے لیے مالی وسائل کی عدم دستیابی ظاہر کی گئی جبکہ وائس چانسلر کی اپنی شرکت، سفر اور رہائش کے اخراجات یونیورسٹی فنڈز سے برداشت کیے گئے ۔تعلیمی حلقوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن اور محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب سے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments