بجلی بلوں میں ٹیکس وصولی سسٹم کی ناکامی ہے ،واپڈا پیغام یونین
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) واپڈا پیغام یونین کے ارکان اور عہدیداروں کی طرف سے تبدیل ہونے والے افسروں کے اعزاز میں عشایہ کا ا ہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر مرکزی صدر سراج الدین ثاقب نے مرکزی چیئر مین رانا محمد بوٹا، تراب حسن مہندی، نسیم جعفری ، دیگر واپڈا ملازمین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے لاہور میں دس اکتوبر واپڈا ہاؤس کے سیمینار اور دھرنا میں شرکت کا اعلان کیا اور کہا کہ حکومت کی طرف سے بجلی کے نرخوں اضافہ اور اس کے ملکی معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات کا عوام کی طراف سے غصہ ، نفرت اور رد عمل سارے کا سارا واپڈا ملازمین کو جھیلنا پڑتا ہے یہ صورتحال حقائق کے بر عکس ہے واپڈا پیغام یونین حکومت کی طرف سے جاری کرپشن اور بجلی چوری کے خلاف اقدامات کی غیر مشروط حمایت کرتی ہے لیکن ہم سمجھتے ہیں چھوٹے چھوٹے چوروں کو پہلے بھی پکڑا جاتا رہاہے اس سے خاطر خواہ نتائج حاصل نہیں ہو سکتے جب تک بڑے چوروں کو نہیں پکڑا جاتا۔بجلی کے بلوں میں آئے روز نت نئے بے جا ٹیکس لگائے جا رہے ہیں جس سے عوام سمجھتی ہے کہ بجلی مہنگی ہو گئی حالانکہ یہ ٹیکس وصول کرنا ایف بی آر کا کام ہے بجلی کے بلوں کے ذریعے ٹیکس وصول کرنا ایف بی آر اور حکومتی سسٹم کی ناکامی ہے ۔