’’ویلے افسروں ‘‘کیخلاف ایکشن سیاسی دبائو کی نذر ہو گیا

’’ویلے افسروں ‘‘کیخلاف ایکشن سیاسی دبائو کی نذر ہو گیا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) میٹروپولیٹن کارپوریشن سمیت دیگر بلدیاتی اداروں اور بعض محکموں میں اثر ورسوخ رکھنے والے افسران و ملازمین کی ایک عرصہ سے من پسند سیٹوں پر تعیناتی اور گھر بیٹھے تنخواہیں وصول کرنے والوں کے۔۔۔

خلاف ایکشن سیاسی دباؤاور بد انتظامی کی نذر ہو کر فائلوں میں دب گیا،جس کے باعث آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری میں شدید مشکلات جبکہ متذکرہ امور کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ ہی غائب کر دی گئی،ذرائع کے مطابق میٹروپولیٹن کارپوریشن اور دیگر تحصیلوں کے بلدیاتی اداروں اور بعض محکموں میں گھروں میں بیٹھ کر تنخواہیں وصول کرنیوالوں کی چھانٹی اور تحقیقات سیاسی دباؤ کے باعث فائلوں میں دب کر رہ گئی ہیں،اکثر ملازمین جو کہ گھر میں بیٹھ کر سرکاری خزانے سے تنخواہیں وصول کر رہے ہیں کی فہرستیں سابقہ ڈی سی کے دور تعیناتی میں ضلعی حکومت کو ارسال کی گئی تھیں جن کی تحقیقات بڑے زور و شور سے شروع ہوئیں مگر پھر روایتی سستی کا شکار ہو کر اب مکمل طور پر روک دی گئی ہے ،اسی طرح بعض شعبوں میں افسران و ملازمین ایک لمبے عرصے سے ایک ہی سیٹ پر براجمان ہیں جنہوں نے کروڑوں روپے کے اثاثہ جات بنا رکھے ہیں صورتحا ل کے باعث مالی بحران کا شکار اداروں کومزید نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے ،بالخصوص مالی بجٹ کی تیاری میں بھی قومی خزانے پر متذکرہ اضافی بوجھ کو ایڈجسٹ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر ریکارڈ کے مطابق دستیاب افرادی قوت اور وسائل کو مکمل اور درست طریقے سے استعمال میں لایا جائے تو 80فیصد مسائل ختم ہو سکتے ہیں،مگر ذمہ داران دباؤ کا شکار ہیں اور ان کی یہ ڈنک ٹپاؤ پالیسی مسائل میں اضافہ کا سبب بن رہی ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں