بھاری گاڑیوں پر زائد لوڈ کا سخت نوٹس ، خلاف ورزی پر ڈرائیورز کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

بھاری  گاڑیوں  پر  زائد لوڈ  کا  سخت   نوٹس  ،  خلاف  ورزی  پر  ڈرائیورز  کیخلاف  سخت  کارروائی  کا  فیصلہ

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر خان نے بھاری گاڑیوں پر زائد لوڈ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی اجلاس ہفتہ کے روز اپنے دفتر میں طلب کیا۔

اجلاس میں ایس پی ہیڈ کوارٹر ضیاء اﷲ ،سیکرٹری ڈی آر ٹی اے ، ٹریفک پولیس ، ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن اور لیز ہولڈرز کے نمائندوں سمیت متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ لوڈ ایکسل پر سو فیصد عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور خلاف ورزی کی صورت میں ٹرانسپورٹ اور ڈرائیور کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے سیکرٹری ڈی آر ٹی اے اور ٹریفک پولیس کو خصوصی سکواڈ تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دن کے علاؤہ رات کے اوقات میں بھی بھاری گاڑیوں کی مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ گاڑی پر زیادہ لوڈ کی صورت میں کریشر کے مالک کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ اسی طرح کوئی مال بردار ٹرانسپورٹر ایکسل لوڈ کی خلاف ورزی کرے تو نہ صرف انہیں بھاری جرمانے کیے جائیں گے بلکہ گاڑیاں بھی بند کی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ مال بردار ٹرانسپورٹرز ذاتی مفاد اور کاروبار کی خاطر گاڑیوں میں مقرر کردہ وزن سے زائد مال لوڈ کرتے ہیں جس سے نہ صرف قومی شاہراہوں کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ حادثات میں بھی اضافہ ہوتا ہے ۔انہوں نے اہم شاہراہوں پر ایکسل لوڈ کے حوالے سے سائن بورڈز نصب کرنے کی ہدایت بھی کی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں