ناتجربہ کار سٹاف، غیر قانونی کنکشنز، پانی بحران سنگین

ناتجربہ کار سٹاف، غیر قانونی کنکشنز، پانی بحران سنگین

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)میٹروپولیٹن کارپوریشن افسران کی عدم توجہ، واٹر سپلائی سکیموں میں ناقص میٹریل کے استعمال، نا تجربہ کار آپریشنل سٹاف، پائپ لائنوں کی لیکیج کے علاوہ ریگولر مانیٹرنگ نہ ہونے کی وجہ سے شہر میں پینے کے پانی کی عدم فراہمی کی صورتحال موسمی شدت بڑھنے کے ساتھ ساتھ بحران میں تبدیل ہوتی جارہی ہے۔

 نہروں کے ذریعے شہر میں سپلائی کیا جانیوالا 40 سے 45 فیصد پانی پائپ لائنوں کی لیکیج کی وجہ سے ضائع ہو رہا ہے، واٹر سپلائی سکیموں پرتعینات نا اہل اور نا تجربہ کار افراد کی وجہ سے پانی کی فلٹریشن اور ٹینکوں کی صفائی ایک بار بھی نہیں کی جاسکی، جبکہ غیر قانونی کنکشنز کی بھرمار نے ادارے کو مزید مشکلات میں ڈال رکھا ہے، شہر میں 68 فیصد پانی کے کنکشن غیر قانونی ہیں، نئی سکیموں کے اجراء اور فنڈز کے حصول کیلئے پرانے منصوبوں کو جان بوجھ کر نظر انداز کرکے ناکارہ بنایا جا رہا ہے جبکہ کارپوریشن کوپینے کے پانی کی فراہمی پر کروڑوں روپے اضافی اخراجات بھی برداشت کرنا پڑ رہے ہیں ،ذرائع کے مطابق ایشین ڈویلپمنٹ بینک اور صوبائی حکومت کے مشترکہ مجوزہ منصوبہ کی فیزبیلٹی رپورٹ میں بھی متذکرہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا جا چکا ہے، بالخصوص واٹر ورکس ڈیپارٹمنٹ اور واٹر سپلائی سکیموں پر تعینات ملازمین پر کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد نہ صرف پینے کا صاف پانی مہنگے داموں خریدنے بلکہ ایک بڑا طبقہ دوردراز سے پانی بھر کر لانے پر مجبور ہے، موسمی شدت کے ساتھ ساتھ شہر کے بیشتر علاقوں میں صاف پانی کی عدم فراہمی سے مشکلات روز باروز سنگین ہوتی جا رہی ہیں، شہریوں نے ارباب اختیار سے ہنگامی بنیادوں پر اصلاح و احوال کا مطالبہ کیا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں