9 اور 10 محرم کیلئے سرحدی ، دریائی راستے سیل : کے پی سے پنجاب آنیوالے کی سخت چیکنگ

9      اور    10    محرم    کیلئے     سرحدی    ،    دریائی    راستے    سیل    :    کے    پی    سے    پنجاب    آنیوالے    کی    سخت    چیکنگ

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) نویں اور دسویں محرم الحرام کیلئے سرگودھا ریجن سے ملنے والے سرحدی اور دریائی راستوں کو سیل کر کے مختلف مقامات پر عارضی چیک پوائنٹس بحال کر دئیے گئے۔۔۔

 مشتبہ افراد کے صوبہ خیبر پختونخوا سے پنجاب میں داخلے کو روکنے کے لئے سخت چیکنگ کا آغاز کر دیا گیا،آر پی او کی جانب سے صوبہ خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقوں میں واقع ضلعی پولیس اور پٹرولنگ پولیس کے عملہ کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے 9 اور 10 محرم کو ڈیوٹی کو مانیٹر کرنے کے لئے بھی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، رات کے اوقات میں نگرانی کے عمل کو مزید موثر بنانے کیلئے اضافی نفر ی تعینات کر دی گئی جبکہ چیک پوسٹوں پرآنے جانے والی گاڑیوں اور مسافروں کی تلاشی کے علاوہ جدید سی سی فوٹیج کیمروں کے ذریعے بھی ان سرحدی علاقوں کو مانیٹر کیا جارہا ہے تا کہ کوئی بھی مشکوک شخص یا گاڑی ان راستوں کے ذریعے پنجاب میں داخل نہ ہو سکے ۔ ترجمان آر پی او آفس کے مطابق ریجن کے چاروں اضلاع سرگودھا، خوشاب، بھکر، میانوالی میں محرم کے جلوسوں کی مانیٹرنگ کے لئے قائم ڈویژنل اور ضلعی کنٹرول رومز کو مزید جدید آلات سے لیس کرکے آن لائن کر دیا گیاہے ،ہائی ٹیکنالوجی اور جدید کیمروں سے مزئین موبائل کیم وینز جلوسوں کی براہ راست نگرانی کرینگی ،موبائل فون کی بندش کی صورت میں ہنگامی طور پر متبادل پی ٹی سی ایل فون لائنیں جلوس اور مجالس کے مقامات پر نصب کر دیئے گئے ہیں، تا کہ کمیونیکیشن معطل نہ ہو، اس سسٹم کے تحت جرائم پیشہ افراد کا کال ڈیٹا بھی سائنسی بنیادوں پر فوری چیک کیا جا سکے گا، یہ کنٹرول روم 24 گھنٹے کام کریں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں