صنعتوں کافروغ ، روزگار کے مواقع بڑھیں گے :جہانزیب اعوان
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے کہا ہے کہ صنعتی عمل کی بحالی او رچھوٹے ودرمیانے درجہ کے کاروبار کو تمام ممکنہ سہولتوں کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔
صنعتوں کے فروغ سے نہ صرف معاشی سرگرمی میں تیزی آئے گی بلکہ نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع اور آمدن کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔ اس امر کا اظہار انہوں نے سرگودہا چیمبر آف سمال ٹریڈز اینڈسمال انڈسٹری میں ممبران سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ شہر ی ترقی تاجروں ودیگر اسٹیک ہولڈرز کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں ۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ انتظامی افسران ، تاجر اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مل کر ایک فورم تشکیل دیاجائے جس کی سربراہی ڈپٹی کمشنر کریں تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل کی ایک جامع منصوبہ بندی کر کے اس پر عمل درآمد کروا کر ریلیف فراہم کیاجاسکے ۔ انہوں نے بتایاکہ شہر میں سیوریج کے حالیہ مسائل اور سڑکوں کی تعمیر ومرمت کی قلیل مدتی منصوبہ بندی کرکے حکومت سے فنڈز کی سفارش کی گئی ہے ۔