کسان زیادہ گندم اگائیں‘مشکلات دور کرینگے ‘زوہیب شفیع
شاہ پور (نمائندہ دنیا ) کسان زیادہ سے زیادہ گندم اگائیں ، کسانوں کی مشکلات کو دور کیا جائے گا، ان کو کھاد اور بیج کیلئے بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے ،کسان کارڈ کی بدولت کسان کئی قسم کی مراعات دی جا رہی ہیں جن سے کسان فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنر شاہ پور زوہیب شفیع نے گندم اگاؤ مہم بارے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا،سیمینار میں ایگریکلچر آفیسر چوہدری فہمید احمد ،نائب تحصیلدار عبدالجلیل ، نائب تحصیلدار ظفراقبال بلکا ، علی مہران ، احمد حیات ، صدر انجمن پٹواریاں مہر منیر احمد ، فیاض خان گرداور، رانا عبدالخالق ، مہر دستگیر ، انصر گجر، حسن بلوچ ، سابق چیئر مین یوسف گجر اور کسانوں کی کثیر تعدا د موجود تھی۔ زوہیب شفیع نے کہا کہ سیمینار کا مقصد زیادہ سے زیادہ رقبہ پر گندم کی کاشت یقینی بنانے اور اہداف کے حصول کیلئے آگاہی دینا ہے ،ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ کسان کو کوئی مشکل نہ ہو ،گندم کی کاشت کے حوالے سے ہمارا ضلع میں ہمیشہ اول رہا اب بھی رہنا چاہیے ،کسان حکومت کی طرف سے دی جانیوالی سہولتوں سے بھر پور استفادہ کریں اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت ملک آصف راں نے کہا کہ گندم کی فصل ہمارے لیے اہمیت کی حامل ہے ،ہمارا یہ مقصد ہے ہم زیادہ سے زیادہ گندم کاشت کریں جو کاشتکار 12.25 سے لیکر 25 ایکڑ گندم کاشت کریگا۔ اسے بذریعہ قرعہ اندازی مفت لیزر لینڈر اور جو کاشتکار 25 ایکڑ سے زیادہ کاشت کریں گے انہیں فری ٹریکٹرز دئیے جائیں گے ، کسان کارڈ اہم اقدام ہے جس کے ذریعے تمام کھاد ،بیج اورادویات مل رہی ہیں۔