سموگ : پرانی ٹیکنالوجی پر قائم بھٹے گرانے کا حکم

سموگ     :     پرانی    ٹیکنالوجی     پر     قائم     بھٹے    گرانے     کا    حکم

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے سموگ کا سبب بننے والے کمرشل یونٹس و ٹرانسپورٹ کے خلاف تمام محکموں کو ہنگامی بنیادوں پر کارروائیاں تیز کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

 انہوں نے ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والے بھٹہ خشت ، انڈسٹریل یونٹس ، فصلوں کی باقیات،کوڑا جلانے ، ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی فیکٹریوں کو نوٹس بھجوا کر سربمہر کرنے ، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف ٹرانسپورٹ اور ٹریفک پولیس کو مشترکہ کارروائی کرنے اور پرانی ٹیکنالوجی پر قائم خشت بھٹہ جات کو گرانے کا حکم دیا، وہ اپنے کانفرنس روم میں سموگ اور پنجاب دھی رانی پروگرام بارے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ کمشنر نے چاروں ڈپٹی کمشنروں کو ماحولیاتی آلودگی کاسبب بننے والے کمرشل یونٹس وگاڑیوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کرکے رپورٹ ان کے دفتر بھجوانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سموگ سے بچاؤکی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کروانے نیز ماسک کے استعمال ،غیر ضروری سفر سے گریز ، کھلی جگہوں میں جانے سے اجتناب کرنے کے ساتھ مستقبل میں اس آفت سے بچاؤ کیلئے آگاہی مہم تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے پنجاب دھی رانی پروگرام بارے بتایاگیا کہ سرگودہا ڈویژن میں اب تک 602 جوڑوں کی جانب سے درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں سرگودہا سے 197، خوشاب سے 121 ، میانوالی سے 132 اوربھکر سے 152 جوڑوں نے درخواستیں جمع کروائی ہیں۔ موصولہ درخواستوں کی جانچ پڑتال کیلئے تحصیل سطح پر کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ ہر جوڑے کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے مجموعی طورپر دولاکھ 6 ہزار روپے کا جہیز کاسامان جس میں ایک لاکھ روپے کیش بطورسلامی دی جائے گی۔ کمشنرنے ڈپٹی کمشنروں کو اس اہم پروگرام کی اونر شپ لینے اور اجتماعی شادیوں کے بہترین انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں چاروں ڈپٹی کمشنروں کے علاوہ سپیشل برانچ ،لوکل گورنمنٹ ،سوشل ویلفیئر ، ماحولیات ، زراعت ، پی ایچ اے ، ٹریفک پولیس ، جنگلات ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور سیکرٹری آر ٹی اے سمیت دیگر افسران بھی شریک تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں