شوگر ملوں کو مکمل صلاحیت کے ساتھ چلایا جائے ، یاسر بھٹی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ایڈیشنل کمشنر کوارڈی نیشن یاسر بھٹی کی زیر صدارت ایک اجلاس میں چاروں اضلاع میں کرشنگ سیزن کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بھکر محمد اشرف ، خوشاب و میانوالی کے اے ڈی سی آرز ، اے سی جی حافظ عبد المنان ، انڈسٹری ، زراعت اور خوراک کے افسران نے شرکت کی۔ ایڈیشنل کمشنر نے کہا کہ امسال حکومت نے سرگودہا ڈویژن کے لیے گندم کی کاشت 17 لاکھ 40 ہزار ایکٹر رقبہ کاشت کا ہدف مقرر کر رکھا ہے اور اس وقت تک 74 فیصد ٹارگٹ حاصل کرلیا گیا ہے جبکہ سو فیصد حصول اسی وقت ممکن ہے جب کاشتکار کی زمین کماد سے خالی ہوگی۔ چاروں اضلاع کی شوگر ملوں کو مکمل صلاحیت کے ساتھ چلایا جائے تاکہ کاشتکار اپنا کماد ملز تک پہنچا سکیں اور خالی زمین پر گندم کاشت کر سکیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سرگودہا ڈویژن میں امسال تقریباً تین لاکھ ایکٹر رقبہ پر کماد کاشت کیا گیا ہے ۔ 21 نومبر سے تمام شوگر ملز فنکشنل ہو چکی ہیں، ایڈیشنل کمشنر نے چاروں اضلاع میں اب تک کی کریشنگ ، نرخ اور اسٹاک کی رپورٹ طلب کی۔ کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پھل ( معاوضہ) بروقت ادا نہ کرنے والی ملوں کی انتظامیہ کے خلاف ضابطہ کی کارروائی کی جائے گی۔