اجتماعی شادیوں کے پروگرام ’’دھی رانی ‘‘ پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈویژنل کمشنر جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ایک اجلاس میں اجتماعی شادیوں کا پروگرام ’’دھی رانی ‘‘ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر زیبا عندلیب نے بریفنگ میں بتایا کہ چاروں اضلاع میں موصولہ درخواستوں میں سے تحصیل ویری فکیشن کمیٹیوں نے 113 جوڑوں کے کوائف کو درست قرار دیا ہے جن میں سرگودہا کے 40 خوشاب کے 23 میانوالی اور بھکر کے 25، 25 جوڑوں کی اجتماعی شادی کے پروگرام ترتیب دینے کی تجویز ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سرگودہا ڈویڑن کے تمام کوائف صوبائی کمیٹی کو بھجوا دیے گئے ہیں۔ پنجاب بھر میں پہلے مرحلے میں 15سو جوڑوں کی اجتماعی شادی کروانے کی تجویز ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں بھی 15 سو جوڑوں کی شادی کا انتظام کیا جائے گا ۔ کمشنر نے چاروں ڈپٹی کمشنروں کو اجتماعی شادیوں انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں اے ڈی سی آر سرگودہا فہد محمود اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر زیبا عندلیب کے علاوہ خوشاب، میانوالی اور بھکر کے ڈپٹی کمشنرز اور سوشل ویلفیئر افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔