سبزی، پھل اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ
بھیرہ(نامہ نگار )شہر میں سبزی، پھل اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ، جس کے باعث غریب عوام کے لیے معیاری اشیاء کا مناسب نرخوں پر حصول ناممکن ہو چکا ہے۔
زائد نرخوں کی شکایت پر بعض دکاندار گاہکوں سے ہتک آمیز رویہ اختیار کرتے ہیں، جس سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے شہریوں محمد اکرم، محمد علی، اختر عباس، محمد شریف اور محمد اقبال نے کہا ہے کہ مارکیٹ کمیٹی فعال نہ ہونے کے باعث سبزی منڈیوں میں آڑھتیوں کی ملی بھگت سے نیلامی من مانے داموں کی جاتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری نرخ نامے اور دکانداروں کی اصل فروخت میں واضح فرق پایا جاتا ہے ۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سبزی منڈیوں اور بازاروں میں جاری اس لوٹ مار کا فوری نوٹس لیں اور معیاری اشیاء کی مقررہ نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنائیں۔