شیر شاہ سوری روڈ اور ملحقہ آبادی کے دریا برد ہونے کا خدشہ
میانوالی (نامہ نگار )دریائے سندھ کے پانی سے ڈھنگانہ کے قریب شیر شاہ سوری روڈ اور ملحقہ آبادی کے دریا برد ہونے کا خدشہ اہل علاقہ کی ڈی سی میانوالی سے وفد کی صورت میں ملاقات کی اور انہیں اپنی تشویش سے آگاہ کر دیا ،
معلوم ہوا ہے کہ ڈھنگانہ میں مقامی آبادی کو کٹاؤ سے بچانے کے لیئے سرکار نے نو کروڑ روپے کی خطیر رقم مہیا کی تھی تاہم یہاں دریا کے پانی کے تیز بہاؤ سے پتھر مٹی پانی میں بہہ گئے اور ابھی تک خطرہ نہ ٹل سکا کیونکہ کام کی رفتار سست ہے ،قدیمی امام بارگاہ پہلے ہی دریا برد ہوچکی ہے جبکہ دریا کے پاس سے گزرنے والے قدیمی شیر شاہ سوری روڈ میں خطرناک دراڑ پڑ چکی ہے جو دریا کے بالکل کنارے پر ہونے سے ٹریفک کی روانی کے دوران ہی کسی بھی وقت دریا میں گر کر بڑے سانحے کا سبب بن سکتا ہے ۔ مقامی افراد کے نمائندہ افراد کے مطابق ڈپٹی کمشنر میانوالی اسد عباس مگسی نے مقامی آبادی کو کٹاؤ سے بچانے اور جلد از جلد کام کی رفتار تیز کرنے کی یقین دہانی کروا ئی ہے ۔