قصاب منہ مانگے دام وصول کر کے مضر صحت گوشت بیچنے لگے
بھیرہ(نامہ نگار )محکمہ لائیو اسٹاک اور ویٹرنری عملے کی مبینہ غفلت اور اقربا پروری کے باعث شہر میں مضرِ صحت اور ناقص گوشت کی فروخت جاری ہے قصاب من مانگے دام وصول کر رہے ہیں۔ شہریوں کے مطابق سرکاری نرخ نامہ کو نظر انداز کرتے ہوئے بیف 1200سے 1400روپے فی کلو اور مٹن 2000 سے 2200روپے فی کلو کے حساب سے سرِعام فروخت کیا جا رہا ہے ۔
عوامی حلقوں نے محکمہ لائیو اسٹاک اور وٹرنری حکام کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔محمد ارشاد، محمد شفیع، محمد اشرف، بشیر احمد اور محمد حنیف نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا اور اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں ناقص اور مضرِ صحت گوشت مہنگے داموں فروخت کرنیوالوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے ، قصابوں کو سرکاری نرخ ناموں کا پابند بنایا جائے اور عوام کو صحت مند گوشت کی مناسب نرخوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے ۔