بلوچستان میں شہید ایف سی جوان آبائی گاؤں میں سپرد خاک

 بلوچستان میں شہید ایف سی جوان آبائی گاؤں میں سپرد خاک

جسد خاکی موضع سلکی پہنچنے پر پاکستان زندہ باد،پاک فوج زندہ باد کے نعرےعصمت اللہ کی میت لانے والی ایمبولینس پر پھول نچھاور،فوجی دستے کی سلامی

ساہی وال/سرگودہا (نمائندہ دنیا)بلوچستان میں دہشت گردوں کے ہاتھوں جامِ شہادت نوش کرنے والے فرنٹیئر کور کے جوان عصمت اللہ بلوچ کو ان کے آبائی گاؤں موضع سلکی میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔ شہید کا جسدِ خاکی جیسے ہی گاؤں پہنچا، فضا سوگوار ہو گئی اور ہر آنکھ اشکبار نظر آئی، جبکہ علاقہ پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔تفصیلات کے مطابق دو روز قبل بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والے تحصیل ساہی وال کے جوان عصمت اللہ کا جسدِ خاکی آبائی گاؤں سلکی لایا گیا، جہاں سینکڑوں افراد نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ ستھرا پنجاب ٹیم کی جانب سے میت لانے والی ایمبولینس پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ نمازِ جنازہ میں پاک فوج کے افسران و جوانوں سمیت علاقہ بھر سے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بعد ازاں شہید کو سلکی کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا، جہاں پاک فوج کے دستے نے سلامی دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔اس موقع پر شہید کی والدہ نے کہا کہ شہادت بیٹے کی دلی آرزو تھی، جو قدرت نے پوری کر دی۔ بیٹے نے وطن پر جان قربان کر کے خاندان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں