سفیدہ کے قیمتی درختوں کی غیر قانونی کٹائی میں تیزی آ گئی
فاریسٹ انتظامیہ کی جانب سے مؤثر کارروائی دکھائی نہیں دے رہی
کندیاں(نمائندہ دنیا) کندیاں ساؤتھ اور نارتھ فاریسٹ سب ڈویژن میں سفیدہ کے قیمتی درختوں کی غیر قانونی کٹائی میں تیزی آ گئی ہے جس پر مقامی شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے مقامی ذرائع کے مطابق ٹمبر مافیا دن دیہاڑے سفیدہ کے درخت کاٹ کر لے جا رہے ہیں جبکہ متعلقہ فاریسٹ انتظامیہ کی جانب سے مؤثر کارروائی دکھائی نہیں دے رہی۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ محکمہ جنگلات کی کارروائیاں زیادہ تر خود رو جھاڑیوں تک محدود دکھائی دیتی ہیں جبکہ بڑے پیمانے پر ہونے والی درختوں کی کٹائی اور لکڑی کی غیر قانونی ترسیل پر کوئی واضح ایکشن نظر نہیں آ رہا۔شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو مستقبل میں علاقہ سرسبز درختوں اور جنگلات سے محروم ہو سکتا ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹمبر مافیا کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے اور قیمتی درختوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ۔