رمضان نگہبان پروگرام میں 3ہزار تک کٹوتیوں کی شکایات
میونسپل کمیٹی ادائیگی مرکز پر سکیورٹی کے مناسب انتظامات بھی موجود نہیں
بھیرہ(نامہ نگار)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے رمضان نگہبان پروگرام کے تحت مستحق افراد کو ملنے والی مالی امداد کی ادائیگی میں مبینہ کٹوتیوں کی شکایات سامنے آ گئی ہیں ادائیگی کے دوران ایک ہزار سے 3 ہزار روپے تک غیر قانونی کٹوتی کی جا رہی ہے ۔زرائع کے مطابق بعض ڈیوائس مالکان تصدیق کے عمل میں جان بوجھ کر غلط انگوٹھا لگا کر مستحقین کو ادائیگی سے انکار کر دیتے ہیں اور اپنے ایجنٹوں کے ذریعے مبینہ طور پر مک مکا کر کے رقم جاری کی جاتی ہے جس کے بدلے میں کٹوتی کی جاتی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ اس وقت تحصیل بھیرہ میں ایچ بی ایل Konnect کی جانب سے جاری 6 ڈیوائسز میں سے صرف ایک یا دو ڈیوائسز پر شفاف انداز میں ادائیگی ہو رہی ہے جبکہ دیگر پر مبینہ بے ضابطگیوں کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔سماجی رہنماؤں محمد اشرف، غلام عباس، محمد اقبال، سہیل احمد، محمد نواز اور سجاد احمد نے کہا ہے کہ رمضان نگہبان پروگرام کے تحت مستحق افراد کو ادائیگی کے ساتھ ساتھ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مستحق خواتین بھی رقوم کے حصول کے لیے در بدر ہو رہی ہیں اور شدید مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں میونسپل کمیٹی بھیرہ میں قائم ادائیگی مرکز پر سکیورٹی کے مناسب انتظامات بھی موجود نہیں جس کے باعث شدید رش کے دوران کسی بھی وقت ناخوشگوار واقعہ پیش آنے کا خدشہ ہے ۔