پولیس میں مثبت رویوں کے فروغ کیلئے اصلاح کی تربیت کا انعقاد
پولیس کا اولین فریضہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور مسائل کا مؤثر حل
میانوالی (نامہ نگار)میانوالی پولیس میں مثبت رویوں کے فروغ کے لیے اصلاح کی تربیت کا انعقاد کیا گیا ۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کے ویژن کے مطابق اور ڈی پی او میانوالی وقار عظیم کھرل کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میانوالی میں پولیس افسران و جوانوں کے لیے (رویوں کی اصلاح کی تربیت) کا انعقاد کیا گیا۔اس تربیتی سیشن کا مقصد پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ، مثبت رویوں کو فروغ دینا اور شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، برداشت اور بہتر انداز میں پیش آنے کی عملی تربیت فراہم کرنا تھا۔تربیت کے دوران شرکاء کو بتایا گیا کہ پولیس کا اولین فریضہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور ان کے مسائل کا فوری و مؤثر حل ہے ۔ عوام کے ساتھ خوشگوار رویہ، صبر و تحمل اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے خدمت کا جذبہ ایک اچھے پولیس افسر کی پہچان ہے ۔ڈی پی او میانوالی کا کہنا تھا کہ میانوالی پولیس کو ایک عوام دوست فورس بنانے کے لیے ایسے تربیتی پروگرامز کا انعقاد نہایت ضروری ہے تاکہ پولیس اہلکار اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز میں ادا کرتے ہوئے عوام کے اعتماد پر پورا اتر سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان باہمی اعتماد اور بہتر تعلقات کے فروغ کے لیے رویوں میں بہتری ناگزیر ہے اور میانوالی پولیس اس مقصد کے حصول کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے ۔