مجالس اور جلوسوں کے انتظامات اور سکیورٹی اقدامات کا جائزہ
جلوسوں اور مجالس کے لیے جامع سکیورٹی پلان پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ، بریفنگ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا جس میں ڈویژن کے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں 21 رمضان المبارک کو یومِ حضرت علی ؑ کے موقع پر سرگودھا ڈویژن میں منعقد ہونے والی مجالس اور برآمد ہونے والے جلوسوں کے انتظامات اور سکیورٹی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے اضلاع میں ہونے والی مجالس اور جلوسوں کے روٹس، سکیورٹی انتظامات اور دیگر انتظامی اقدامات کے بارے میں بریفنگ میں بتایا کہ جلوسوں اور مجالس کے لیے جامع سکیورٹی پلان پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے ۔ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رکھا گیا ہے جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور ضلعی انتظامیہ مشترکہ طور پر اقدامات کر رہی ہے ۔ کمشنر سرگودھا نے ہدایت کی کہ جلوس مقررہ اوقات کے مطابق شروع اور اختتام پذیر ہوں اور سکیورٹی انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ تمام ادارے باہمی رابطے کے ساتھ فرائض انجام دیں تاکہ عزاداروں کو پرامن ماحول میسر آ سکے ۔