ریونیو افسروں کی کارکردگی ،اجلاس طلب کرنیکا اعلان

ریونیو افسروں کی کارکردگی ،اجلاس طلب کرنیکا اعلان

بقایاجات کی وصولی میں سستی برداشت نہیں کی جائیگی اہداف حاصل کرنا ہونگےاجلاسوں میں افسران کی کارکردگی کی بنیاد پر جزا و سزا کا تعین کیا جائیگا، کمشنر

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے ڈویژن کے ریونیو افسران کی مجموعی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہر ضلع کے ریونیو افسران کی انفرادی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے الگ الگ اجلاس طلب کرنے کا اعلان کر دیا، انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ اجلاسوں میں افسران کی کارکردگی کی بنیاد پر جزا و سزا کا تعین کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریونیو امور سے متعلق ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈویژن کے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز (ریونیو)، اسسٹنٹ کمشنرز، دیگر ریونیو افسران اور بورڈ آف ریونیو کے پلس پراجیکٹ کے فوکل پرسن نے شرکت کی۔ کمشنر سرگودھا نے کہا کہ ریونیو کا نظام محکمہ ریونیو کی بنیادی ذمہ داری ہے تاہم کئی معاملات میں کارکردگی اور رفتار تسلی بخش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ خود ہر ضلع کے اجلاس کی صدارت کریں گے اور افسران کی فرداً فرداً کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے ۔

اجلاس میں اسٹامپ ڈیوٹی، انتقالات، رجسٹریشن فیس، زرعی انکم ٹیکس، واٹر ریٹ، تاوان، کنڈونیشن فیس، موضع جات کی ڈیجیٹلائزیشن اور ریونیو کورٹس میں زیر التواء مقدمات سمیت بورڈ آف ریونیو کے مختلف اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر سرگودھا نے اے ڈی سی آرز کو ہدایت کی کہ مقرر کردہ تمام ریونیو ٹارگٹس واضح انداز میں مرتب کئے جائیں اور ہر ضلع و تحصیل کی کارکردگی کا مکمل ریکارڈ تیار رکھا جائے تاکہ آئندہ اجلاسوں میں افسران سے براہ راست جواب طلب کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ بقایاجات کی وصولی میں سستی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام ریونیو افسران کو تحصیل کی سطح پر مقررہ اہداف ہر صورت حاصل کرنا ہوں گے ۔ کمشنر نے تحصیل سرگودھا میں سب رجسٹرار کی ناقص کارکردگی کا بھی سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ عوام کو رجسٹری کے لئے دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور کرنا ناقابل قبول ہے ۔ انہوں نے اے ڈی سی آر کو ہدایت کی کہ سب رجسٹرار کی دفتر میں حاضری اور مقررہ اوقات کار کی پابندی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔اجلاس میں بورڈ آف ریونیو کے پلس پراجیکٹ کے فوکل پرسن نے ریکارڈ کوالٹی ایشورنس، ماس لیول پارٹیشن و میوٹیشن، موضع جات کی ڈیجیٹلائزیشن اور پارسل ڈیش بورڈ ودیگر کے پی آئیز سے متعلق سرگودھا ڈویڑن کی پیشرفت پر بریفنگ دی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں