محکمہ ہائی ویزکی متعدد ترقیاتی سکیمیں منظوری کے لیے پیش
محکمہ ہائی ویزکی متعدد ترقیاتی سکیمیں منظوری کے لیے پیش اہم سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی سکیمیں ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی تجویز
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 2026-27کیلئے سرگودھا، بھکر اور خوشاب میں مختلف ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ ہائی ویز اور بورڈ آف ریونیو کی متعدد ترقیاتی سکیمیں منظوری کے لیے پیش کی گئیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سٹی ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت سرگودھا شہر میں 11اہم سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی سکیمیں آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اسی طرح ضلع بھکر سات سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی مختلف سکیمیں آئندہ مالی سال کے لیے تجویز کی گئی ہیں۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ بورڈ آف ریونیو کی ضلع بھکر میں دو جبکہ ضلع خوشاب میں ایک سکیم ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کے لیے پیش کی گئی ہے ،کمشنر سرگودھا نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں پیش کی جانے والی سکیموں کا اہمیت اور ضرورت کے مطابق تفصیلی جائزہ لیں۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ سکیموں کے حوالے سے ضروری این او سیز اور دیگر قانونی تقاضے بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ منظوری کے بعد سکیمیں مزید کاروائی کے لیے پنجاب حکومت کو بھجوائی جا سکیں۔اجلاس میں سرگودھا، خوشاب ، بھکر کے ڈپٹی کمشنرز کے علاوہ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، ایس ایز ہائی ویز، بلڈنگز، ایکسین انہار و متعلقہ افسران نے شرکت کی۔