26سنگین وارداتوں میں مطلوب 2 خطرناک گینگز گرفتار
26سنگین وارداتوں میں مطلوب 2 خطرناک گینگز گرفتار27 لاکھ سے زائد کا مال مسروقہ برآمد اصل مالکان کے حوالے کیا جائے گا ، پولیس
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) پولیس کی بڑی کارروائی،26سنگین وارداتوں میں مطلوب 2 خطرناک گینگز گرفتار، 27 لاکھ روپے سے زائد کا مال مسروقہ برآمد کر لیا گیا، ترجمان ضلعی پولیس خرم اقبال کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا محمد صہیب اشرف کی زیرِ قیادت جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری مہم میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے پولیس نے راہزنی، چوری اور نقب زنی کی وارداتوں میں ملوث دو منظم گینگز کے 5 ارکان کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے مالیت کا سامان برآمد کر لیا ہے ۔گرفتار ملزمان غلام عباس، محسن، عاشق، جمشید اور حسن علی تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن اور تھانہ سٹی کو مجموعی طور پر 26 مقدمات میں مطلوب تھے ۔ جن کے قبضہ سے 27 لاکھ 73 ہزار روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کر لیا گیا ہے جو بعد از قانونی کارروائی اصل مالکان کے حوالے کیا جائے گا اس موقع پر ڈی پی او سرگودھا کا کہنا ہے کہ سرگودھا پولیس شہریوں کی جان، مال اور عزت کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت الرٹ ہے ۔جرائم پیشہ عناصر اورقانون شکنوں کے لیے ضلع میں کوئی جگہ نہیں۔ ہمارا مقصد سرگودھا کو ایک پرامن اور محفوظ شہر بنانا ہے جہاں ہر شہری خود کو محفوظ تصور کرے ۔