سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہنگامی پلاننگ پربریفنگ
سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہنگامی پلاننگ پربریفنگشہری علاقوں میں پانی سے بچاؤ کیلئے ڈرینج سسٹم کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت آئندہ مون سون سیزن کے حوالے سے کئے جانے والے پیشگی اقدامات بارے جائزہ اجلاس ہوا جس میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور فلڈ کنٹیجینسی پلان 2026، مون سون پریپیئرڈنیس، اربن فلڈنگ اور پری فلڈ پلاننگ کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے ممکنہ بارشوں اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات، مشینری کی دستیابی، نکاسی آب کے انتظامات اور ہنگامی پلاننگ کے بارے میں بریفنگ دی۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ مون سون کے دوران شہری علاقوں میں پانی کے جمع ہونے سے بچاؤ کے لیے ڈرینج سسٹم کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے اور تمام ادارے باہمی رابطے کے ساتھ پیشگی اقدامات یقینی بنائیں،کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ شہریوں کو ممکنہ مشکلات سے بچانے کے لیے تمام ادارے الرٹ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کو موثر بنایا جائے ۔
انہوں نے فلڈ پلینز اور آبی گزر گاہوں سے تجاوزات کے خاتمے اور ڈی سلٹنگ کے عمل پر خصوصی زور دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ھدایت کی کہ نہروں، نالوں اور برساتی گزرگاھوں کی فوری صفائی اور رکاوٹوں کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے تاکہ پانی کے بہاو میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ہو۔ ایمرجنسی سے متعلق تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔۔اجلاس میں چاروں اضلاع میانوالی، بھکر، خوشاب اور سرگودھا کے ڈپٹی کمشنرز،، محکمہ انہار لوکل گورنمنٹ، ڈرینج، ھائی ویز،واسا،کینٹ بورڈ، کارپوریشن، ضلع کونسل، پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔