ڈپٹی کمشنر کا ای پی آئی پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ
ٹی ایچ کیو ہسپتال 90 جنوبی کا بھی دورہ ، مختلف شعبہ جات کا معائنہ بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات اور ویکسینیشن مہم کیلئے اقدامات کر رہے ، حسین احمد رضا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے ای پی آئی پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال 90 جنوبی کا دورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔سی ای او ہیلتھ نے انہیں ای پی آئی پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کی فراہمی اور ویکسینیشن مہم کو موثر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کو ہسپتال میں تعینات ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل سٹاف اور دیگر عملے کی تعداد کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا جبکہ مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے ویکسینیشن سنٹر سمیت دیگر شعبوں کا معائنہ کیا اور وہاں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ حفاظتی ٹیکہ جات کا پروگرام بچوں کو مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے نہایت اہم ہے ، اس لیے اس پروگرام کو مزید موثر بنایا جائے اور ہر بچے تک ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔