یونین کونسلز کی ڈی لمیٹیشن کا آغاز عیدالفطر کے بعد کیا جائے گا
یونین کونسلز کی ڈی لمیٹیشن کا آغاز عیدالفطر کے بعد کیا جائے گاسابقہ ڈسٹرکٹ کونسل کا نظام ختم کر کے اختیارات کو تحصیل سطح پر منتقل کیا جا رہا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کی زیر صدارت ضلع میں بلدیاتی نظام کی نئی تشکیل اور یونین کونسلز کی ڈی لمیٹیشن (حد بندی) کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کو ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بابر شہزاد رانجھا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈیمارکیشن کا عمل مکمل ہو چکا ہے جبکہ اب یونین کونسلز کی ڈی لمیٹیشن کا باقاعدہ آغاز عیدالفطر کے بعد کیا جائے گا۔ اس عمل کے تحت ضلع بھر میں مجموعی طور پر 236 یونین کونسلز قائم کرنے کی تجویز زیر غور ہے ۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئی انتظامی ترتیب کے تحت ضلع سرگودھا میں مجموعی طور پر 19 لوکل گورنمنٹس تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 7 تحصیل کونسلز، 10 میونسپل کمیٹیز اور 2 ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز شامل ہیں۔ سابقہ ڈسٹرکٹ کونسل کا نظام ختم کر کے اختیارات کو تحصیل سطح پر منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ گورننس کو مؤثر بنایا جا سکے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مختلف تحصیلوں میں مجوزہ بلدیاتی ڈھانچہ کچھ یوں ہوگا، تحصیل بھیرہ میں ایم سی بھیرہ، ایم سی میانی اور تحصیل کونسل بھیرہ قائم کی جائے گی۔
تحصیل بھلوال میں ایم سی بھلوال اور تحصیل کونسل بھلوال شامل ہوں گی۔ تحصیل کوٹ مومن میں ایم سی کوٹ مومن اور تحصیل کونسل کوٹ مومن قائم کی جائے گی۔ تحصیل سرگودھا میں دو ٹاؤن کانٹریشنز (سرگودھا ون، سرگودھا ٹو اور تحصیل کونسل سرگودھا) قائم ہوں گی۔ تحصیل ساہیوال میں ایم سی فاروقہ ، ایم سی ساہیوال اور تحصیل کونسل ساہیوال شامل ہوں گی۔ تحصیل سلانوالی میں ایم سی سلانوالی اور تحصیل کونسل سلانوالی قائم کی جائے گی۔ تحصیل شاہپور میں ایم سی شاہپور صدر، ایم سی جھاوریاں اور تحصیل کونسل شاہپور شامل ہوں گی۔ اجلاس میں ضلعی الیکشن کمشنر چوہدری محمد ارشد، تمام چیف افسران لوکل گورنمنٹ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، تحصیلداروں اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ شرکاء کو ڈی لمیٹیشن کے قانونی اور تکنیکی تقاضوں سے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اس عمل کو مکمل کرنے کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ، لوکل گورنمنٹ اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندگان شامل ہوں گے ۔ یہ کمیٹی تمام قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے حد بندی کو حتمی شکل دے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ڈی لمیٹیشن کا عمل مکمل شفافیت، میرٹ اور تیز رفتاری کے ساتھ مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے کو یقینی بنائیں تاکہ کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی حد بندی سے نہ صرف انتظامی امور میں بہتری آئے گی بلکہ وسائل کی منصفانہ تقسیم اور عوام کو بلدیاتی سطح پر بہتر سہولیات کی فراہمی بھی ممکن ہو سکے گی۔