بیوی کے قتل میں ملوث سفاک شوہر کو سزائے موت
ملزم قادر بخش نے 2024 میں سونیا کو کلہاڑی سے وار کر کے قتل کیا تھاایڈیشنل سیشن جج سلانوالی نذ یر خان نے فیصلہ سناتے ہوئے 5 لاکھ جر مانہ بھی کیا
سلانوالی (نمائندہ دنیا )سلانوالی میں گھریلو جھگڑے پر بیوی کو کلہاڑی کے وار کر کے بے دردی سے قتل کرنے والے سفاک شوہر کو عدالت نے سزائے موت اور پانچ لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی۔سلانوالی کے نواحی چک نمبر 60 جنوبی کے رہائشی قادر بخش ولد مراد کی شادی موضع ٹھٹھی بالا راجہ، تحصیل لالیاں ضلع چنیوٹ کی رہائشی مسماۃ سونیا بی بی سے ہوئی تھی۔ گھریلو ناچاقی پر خاتون ناراض ہو کر اپنے والدین کے گھر چلی گئی تھی، تاہم بعد ازاں شوہر اسے منا کر واپس لے آیا۔ 14 مئی 2024 کو میاں بیوی کے درمیان دوبارہ جھگڑا ہوا، جس پر ملزم قادر بخش نے طیش میں آ کر کلہاڑی کے پے در پے وار کر کے اپنی بیوی سونیا بی بی کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ بعد ازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔تقریباً 23 ماہ بعد ایڈیشنل سیشن جج سلانوالی نذ یر خان نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر ملزم قادر بخش کو سزائے موت اور پانچ لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی۔